چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا
کے پی نیب کو متعلقہ ریکارڈ و مبینہ الزامات سمیت18 فروری کو عبدالصمد کو پیش کرنےکی ہدایت
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم پشاور ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں 18 فروری کو نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیر اعظم عمران خان کی تشویش پر ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم پشاور ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر نوٹس لے لیا ہے اور ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ 18 فروری کو ڈاکٹر عبدالصمد سمیت متعلقہ ریکارڈ اور مبینہ الزامات کی تفصیلات لے کر نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پیش ہوں ۔ چیئرمین نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیب ڈاکٹر عبدالصمد کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بذات خود ڈاکٹر عبدالصمد پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات سنوں گا ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد ایشیاءمیں سنسکرت میں واحد پی ایچ ڈی ہیں اور گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو نوٹس لینے کی ہدایت کی تھی ۔( جاوید/ اشفاق)