شہباز شریف کے کیس میں کچھ نہیں تھا اس لئے رہائی ملی، خورشید شاہ
نواز شریف کو جس کیس میں سزا ملی اس میں کچھ نہیں ، پیپلزپارٹی اپنے خلاف ہر ریفرنس کا سامنا کرے گی ، سلیکٹڈ حکومت کو عوام کی پرواہ نہیں ، مہنگائی نے غریبوں کی کمر توڑ دی ، سعودی ولی عہد کا استقبال پوری قوم کرےگی ، بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام لگاتا ہے ، صحافیوں سے گفتگو
کندھ کوٹ (ایمرا نیوز آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹ ہوکرآنے والی حکومت عوام کی پرواہ کیوں کرے گی کیونکہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔شہباز شریف کیس میں کچھ نہیں تھا اس لئے رہائی ملی ۔ نواز شریف کے کیس میں بھی کچھ نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے کندھ کوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے غریبوں کی کمر توڑدی ہے کیونکہ سلیکٹ ہوکرآنے والی حکومت کو عوام کی کیا پرواہ ہو گی لیکن آج کی مہنگائی ملکی معیشت کیلئے بھی بہترنہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ شہبازشریف کیس میں کچھ نہیں تھا اس لئے ان کو رہائی ملی ہے اسی طرح نواز شریف کو جس کیس میں سزا دی گئی ہے اس میں بھی کچھ نہیں ہے ۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے سوال کے جواب میں پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہمار ے دوست ملک کے ولی عہد پاکستان آرہے ہیں وہ ہمارے پاکستان کے مہمان ہیں، پوری قوم ان کا استقبال کرے گی۔کراچی میں ارشاد رانجھانی کے قتل کے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ارشاد رانجھانی کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے تاکہ ملک کے اندر امن کے فضا قائم ہو سکے۔ سابق اپوزیشن لیڈر نے پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی کے کردار پر کہا کہ ان ہاو¿س تبدیلی کیلئے ہم اسلئے کوششیں نہیں کر رہے ہیں کیونکہ ایم کیو ایم اور(ق) لیگ کا ریٹ بڑھ جائے گا۔جس سے حکومت کو فائدہ ہو گا ۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے اوپر ہمیشہ ریفرنس بنانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن ہم بھی ہر ریفرنس کا سامنا کرتے رہیں گے۔ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں پلوامہ کے اندر بھارتی فورسز پر حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرنے کے سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پرالزام لگاتا رہتا ہے جو ان کی پرانی روایت ہے۔اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔( جاوید/ اشفاق)