برطانوی اداکارہ اولیویا کولمین نے آسکر ایوار ڈ حاصل کرلیا
اداکارہ ریمی ملک بہترین اداکار کا ایوارڈ لے اڑے ،روما اور بلیک پنتھر کے حصے میں بھی 3، 3 ایوارڈ آئے البتہ سب سے زیادہ 4 ایوارڈ ‘بوہیمین ریپسڈی کے حصے میں آئے
لندن (ایمرا نیوز آن لائن)برطانوی اداکارہ اولیویا کولمین نے اپنی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ ریمی ملک بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ لاس اینجلس میں منعقدہ 91ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں گرین بک نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرکے سب کو حیران کردیا جہاں روما کو اس ایوارڈ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔گرین بک نے مجموعی طور پر 3 ایوارڈز حاصل کیے، اس کے علاوہ روما اور بلیک پنتھر کے حصے میں بھی 3، 3 ایوارڈ آئے البتہ سب سے زیادہ 4 ایوارڈ ‘بوہیمین ریپسڈی کے حصے میں آئے۔اولیویا کولمین کو فلم دی فیوریٹ میں ملکہ کا کردار شاندار انداز میں ادا کرنے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جہاں ایوارڈ کے اعلان کے بعد تقریر کرتے ہوئے وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔البتہ وہ اس ایوارڈ کے لیے فیورٹ نہ تھیں بلکہ فلم دی وائف کی اداکارہ گلین کلوز کو اس ایوارڈ کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا جو اب تک ریکارڈ 7 مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے کے باوجود ایوارڈ سے محروم ہیں۔2009 میں ایوارڈ حاصل کرنے والی کیٹ ونسلیٹ کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی برطانوی خاتون کولمین کا نام جب ایوارڈ کے لیے پکارا گیا تو وہ سکتے میں رہ گئیں اور انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے آسکر حاصل کرلیا۔پہلی مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والی کولمین اب تک اپنے کیریئر میں 4 برٹش اکیڈمی فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس ایوارڈ اور 2 گولڈن گلوب ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم گرین بک نے بہترین اسکرین پلے کا بھی ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ اسی فلم کے اداکار مہرشالا علی نے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔مہر شالا نے گزشتہ 3 سال میں دوسری مرتبہ بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا، جہاں انہوں نے 2017 میں مون لائٹ کے لیے بھی بہترین اداکاری پر یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔