برقعے میں شو،ٹی وی اینکر کا کرارا جواب
کراچی (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو ٹاپ ٹرینڈ میں چل رہی ہے .ویڈیو میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر کرن ناز نے لائیو شو کے دوران حجاب پہن کر کہا کہ حجاب پہننے والی لڑکیاں کسی بھی معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں۔
کچھ روز قبل ایک پاکستانی پروفیسر پرویز ہود بھائی نے ایک ٹاک شو کے دوران حجاب کرنے والی خواتین کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ ’’سنہ 1973 سے پڑھانا شروع کیا، اُس وقت آپ کو بمشکل ایک لڑکی برقعے میں دکھائی دیتی تھی، اب تو حجاب، برقعہ عام ہو گیا ہے۔ آپ کو ’نارمل لڑکی‘ تو شاز و نادر ہی ادھر نظر آتی ہے۔‘جب وہ کلاس میں بیٹھتیں ہیں برقعے میں حجاب میں لپٹی ہوئی تو ان کی کلاس میں شمولیت بہت گھٹ جاتی ہے۔ یہاں تک کہ پتا ہی نہیں چلتا کہ وہ کلاس میں ہیں کے نہیں۔‘‘
پروفیسر پرویز ہود بھائی کی حجابی خواتین کے متعلق دی جانے والی اس رائے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ان کا یہ جملہ کہ “آپ کو نارمل لڑکی تو شاز و نادر ہی نظر آتی ہے ” صارفین کے لیے شدید تکلیف کا باعث بنا..صارفین کا کہنا ہے کہ حجاب کرنا یا نا کرنا خواتین کی اپنی چوائس ہوتی ہے اور ان کے لباس کی وجہ سے ان کی صلاحیتوں اور ذہانت کو نہیں جانچا جا سکتا۔
پروفیسر پرویز ہود بھائی کے ان خیالات پر اینکر پرسن کرن ناز نے بھی اپنا ردعمل دکھاتے ہوئے لائیو شو کے دوران حجاب پہن کر شو کیا.ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی قابلیت کا ان کے کپڑوں سے کیا تعلق ہے؟کرن ناز نے شو کے دوران حجاب پہن کران خواتین کا دفاع کیا جو حجاب کرتی ہیں.کرن ناز نے کہا کہ حجاب کرنے والی خواتین بالکل اسی طرح ’نارمل‘ ہوتی ہیں جیسا کہ حجاب نہ کرنے والی خواتین۔ اسے پہننے کے بعد نہ میرے لفظوں میں کمی آئے گی اور نہ ہی میری سوچ میں کوئی تبدیلی آئے گی۔‘‘کرن ناز نے حجاب کرنے والی کامیاب خواتین کی چند مثالیں بھی دیں .