بھارت کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا ‘سچ ہی بہترین پالیسی ہے ‘وزیراعظم
سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے ‘امریکی حکام نے تصدیق کی کہ پاکستانی بیڑے میں سے ایک بھی ایف 16 طیارہ کم نہیں‘عمران خان
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن) امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ میں ایف 16 طیارہ گرانے کے بھارتی دعویٰ کی نفی سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے اور صداقت ہی بہترین پالیسی ہے ۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی دفاعی حکام نے تصدیق کی کہ پاکستانی بیڑے میں سے ایک بھی ایف 16 طیارہ کم نہیں اس رپورٹ سے بھارت کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے۔اپنے ایک اور پغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے فیڈرل اور صوبائی نمائندگان کو اپنے علاقوں میں موجود پناہ گاہوں کا دورہ کرنا چاہیئے اور پناہ گاہوں میں موجود افراد کے ساتھ کھانا کھانا چاہیئے، اس اقدام سے ہمارے نمائندگان کو احساس ہوگا کہ ہمارے معاشرے کے سب سے نچلے درجے کا افراد کے مسائل کیا ہیں اور آنے والے مہینوں میں میں بذات خود غربت کے خلاف اس جہاد کی نگرانی کروں گا۔( درانی )