ترکی میں زلزلے نے تباہی مچادی….کتنے افراد متاثر اور بے گھر ہوگئے پڑھ کر روح کانپ اٹھے
لاہور(وقت نیوز آن لائن)ترکی کے مشرقی حصوں میں آنے والے طاقتور زلزلے سے 18 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ترکش میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے سے درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو گئیں جب کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ڈیزاسٹر اینڈ میجنمنٹ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز الیزگ کا علاقہ تھا جس کی زیرزمین گہرائی 6 اعشاریہ 7 کلومیٹر تھی، زلزلے کے جھٹکے شام، جارجیا اور ارمینیا میں بھی محسوس کئے گئے۔ریسکیو ٹیموں نے شدید سرد موسم کے باوجود فلاحی کام شروع کر دیا ہے جب کہ ترک وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کے لیے فوج بھی سٹینڈ بائی پر ہے۔
ترکی کے وزیر صحت نے زلزلے کے باعث 18 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے جب کہ 553 افراد زخمی ہیں جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق جس وقت زلزلہ آیا تو ترکی کے وزیر داخلہ زلزلوں سے بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔