سال 2022 کا فٹ بال ورلڈ کپ بچانے کے لیے قطر کا بھارتی شائقین کو سہولیات دینے کا فیصلہ
فٹ بال کپ میں ہندوستانی باشندوں کو کھیل کے میدانوں میں تماشائیوں کے طورپر داخل ہونے کی سہولت فراہم کی جائے گی، فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر الخاطر
دوحا(ایمرا نیوز آن لائن) قطر کی حکومت نے سنہ 2022 کے فٹ بال ورلڈ کپ کوبچانے اور اس میں زیادہ سے زیادہ غیرملکی شائقین کو شامل کرنے کے لیے بھارتی شہریوں کو آسان شرائط پر ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوحہ میں 2022 کو ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر کئی عرب ممالک قطر کا بائیکاٹ کریں گے۔ ایسے میں دوحہ کو شایقین کی تعداد بڑھانے کےلیے متبادل راستے اختیار کرنا پڑے ہیں۔
ان اقدامات میں بھارتی شہریوں کی فٹ بال میچوں کے دوران کھیل کے میدانوں میں رسائی کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔ قطر کی عرب ممالک کے حوالے سے پالیسی دوحہ کواس عالمی ایونٹ پرعرب شایقین سے محروم کردےگی۔ اگر دوسرے عرب ممالک کےساتھ قطر کے تعلقات درست نہیں ہوتے تو دوحہ کو شایقین کمی پوری کرنے کے لیے دوسرے ممالک کے شہریوں کا سہارا لینا پڑےگا۔خیال رہے کہ ایک تہائی عرب آبادی ایسے علاقوں میں رہتی ہے جن کے پاس دوحہ کے لیے براہ راست سفر کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر الخاطر نے کہاکہ تین سال بعد ہونےوالے فٹ بال کپ میں ہندوستانی باشندوں کو کھیل کےمیدانوں میں تماشائیوں کے طورپر داخل ہونے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بھارتی شہری ہوائی اڈے سے حاصل کردہ ویزے سےفٹ بال گراﺅنڈ میں داخل ہوسکے گا۔خیال رہے کہ سال 2018 کے فٹ بال ورلڈ میں ٹکٹ خریدنے والے شائقین میں تیسرا بڑا طبقہ ہندوستانی باشندوں پر مشتمل تھا اور قطر بھی بھارتی شہریوں ہی کو اپنے ہاں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں شریک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔