فیصل واوڈا اور عابد شیر علی ایک بار پھر آمنے سامنے
کراچی(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے لندن میں جائیدادیں قانونی طریقے سے بنائیں جن کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں موجود ہیں، انہوں نے عابد شیر علی کو لندن میں 8 جائیدادیں ثابت کرنے کا چیلنج بھی دے دیا۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ جائیدادیں قانونی ذرائع سے بنائی ہیں ، ان کے اور ان کے والد کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ میں نے لندن کے سوانکی ایریا میں اپنے اثاثے ظاہر کیے ہیں ، جبکہ الیکشن کمیشن کو دیئے گئے ڈکلیئریشن فارم کے مطابق انہوں نے اپنی ملکیت میں 5 جائیدادوں کی قیمت برطانوی پائونڈز میں ظاہر کی ہے اور ان میں سے 3 جگہوں کی تصدیق ہوچکی ہے ۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فراہم کی گئی تفصیلات میں لندن جائیداوں کی قیمتیں ان فلیٹوں کی اصل قیمت سے بہت کم ہیں، فیصل واوڈا کی جانب سے جو قیمتیں ای سی پی کو بتائی ہیں وہ ان جائیدادوں کی برسوں پہلے خریدی گئی قیمت ہوسکتی ہیں۔اس معاملے پر سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن میں فیصل واوڈا کی 8 جائیدادیں ہیں ، جس پر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میری لندن میں 8جائیدادیں نہیں ہیں اور میں عابد شیر علی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اسے ثابت کریں۔