لاعلاج اور جان لیوا رسولی غائب ہوگئی، حیران کن خبر
آسٹن، ٹیکساس:(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) حال ہی میں طبی تاریخ کا ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک 11 سالہ بچی کے دماغ میں کمیاب، لاعلاج اور جان لیوا رسولی چند روز قبل اچانک غائب ہوگئی جس پر ماہرین اب تک حیران ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق اس سال کے شروع میں راکسلی ڈوس نامی بچی کے دماغ میں ایک رسولی دیکھی گئی تھی جسے ’ڈفیوز انٹرنسک پونٹائن گلائیوما‘ (ڈی آئی پی جی) کہتے ہیں۔ بہت ہی کم مریض اس کمیاب اور حملہ آور کیفیت سے نکل پاتے ہیں اور ان کی زندگی چند برس کی رہ جاتی ہے۔
ڈاکٹروں نے بچی کے والدین سے کہا کہ اس کا آپریشن ممکن نہیں اور کہا کہ وہ اسے گھر لے جائیں تاہم چند ہفتوں قبل بچی کی صحت بہتر ہونے لگی اور اب آسٹن میں واقع ڈیل چلڈرن میڈیکل سینٹر کے ماہرین نے یہ حیران کن تصدیق کی ہے کہ بچی کی رسولی معجزانہ طور پر 100 فیصد غائب ہوچکی ہے۔ڈاکٹروں نے شعاعوں کے ذریعے بچی کے علاج کی چند کوششیں کی تھیں جس کے بعد انہوں نے بچی کی زندگی تین سے چھ ماہ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی تھی تاہم یہ علاج اس بچی کے لیے خوشی کی نوید لایا اور اس کی رسولی مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے حالانکہ ریڈیالوجی کے بعد بھی رسولی ختم نہیں ہوتی۔