ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمدتین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
اسلام آباد، کوالالمپور(ایمرا نیوزآن لائن) ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمدتین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ، ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اعلی سطح وفد کیساتھ آج تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ ملائشیامیں انہیں پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔ڈاکٹر مہاتیر محمدکی آمد کا بنیادی مقصد یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا ہے ۔ وہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور ان ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور تجارتی امور موضوع ِ گفتگو رہیں گے ۔دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے ۔دونوں ممالک کے وزرائے اعظم غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بھی خطاب کریں گے ۔مہاتیر محمد کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا جائیگا۔مہاتیر محمد کے قریبی ساتھی اور اکنامک افیئرز ڈویژن کے صدر تان سری عبدالعزیز نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہاتیر محمد کے دورے کو دونوں ملکوں کیلئے انتہائی اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کیلئے قدرت کا بہترین تحفہ قرار دیا اور انہیں وزیراعظم منتخب کرنے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔