وزیر اعظم عمران خان آج خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے
خیبر(ایمرا نیوزآن لائن رپورٹ اظہر محمود سے) وزیر اعظم عمران خان آج خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، وزیراعظم عمران خان ضلع خیبر کے دورے میں جمرود اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔اس حوالے سے جمرود اسٹیڈیم کو عمران خان کی تصاویر اور بینرز سے سجایا گیا ہے، جبکہ وہاں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔فرنٹیئر کور کے اہل کاروں نے جمرود اسٹیڈیم اور ملحقہ بازار کو حفاظتی حصار میں لے رکھا ہے۔جمرود بازار سے اسٹیڈیم جانے والے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے انہیں بھی بینروں اور تصاویر سے سجایا گیا ہے۔قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے دوران 31 لاکھ 50 ہزار افراد نے گھربار چھوڑ کر نقل مکانی کی، جبکہ کامیاب ملٹری آپریشن کے نتیجے میں 99 فیصد متاثرین کی واپسی ممکن ہوئی۔متاثرین نے اپنے مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے ممکنہ دورے سے امیدیں وابستہ رکھی ہیں۔قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 2009ء میں آپریشن شروع کردیا گیا تھا جس کے باعث 31 لاکھ 50 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔کامیاب ملٹری آپریشن کے باعث دہشت کے عفریت سے نجات ملی تو گزشتہ 2 سال سے متاثرین کی بحالی کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔حکومت کی طرف سے متاثرین کو مکمل تباہ ہونے والے مکان کے عوض 4 لاکھ جبکہ جزوی طورپر تباہ ہونے والے مکان کے بدلے 1 لاکھ 60 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں، تاہم متاثرین ملنے والا معاوضے کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف سمجھتے ہیں۔نقل مکانی کرنے والوں میں سے 16 ہزار افراد کی بحالی کا مرحلہ باقی ہے،متاثرین نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے محتاج متاثرین خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔