ورلڈ کپ 2023 کے ابتدائی شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو ہو گا
ممبئی :رواں سال بھارت میں ہونیوالے ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو بھارت کے سب سے بڑے احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا ۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 2019 کی ورلڈ کپ فائنلسٹ ٹیموں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ جون کو کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا میزبان بھارت اپنا پہلا میچ تین دن بعد آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کی جانب سے ابتدائی طور پر ڈرافٹ کردہ اس شیڈول میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔اس شیڈول کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیجا گیا ہے اور حتمی شکل دینے سے قبل ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام رکن ممالک کو بھیجا جائے گا۔اس ڈرافٹ میں سیمی فائنل کے مقام کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا جو ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل کی میزبانی 19 نومبر کو احمد آباد کا ایک لاکھ سے زائد گنجائش کا اسٹیڈیم کرے گا۔بھارت ایونٹ میں اپنے تمام راؤنڈ میچز 9 مقامات پر کھیلے گا جبکہ لیگ مرحلے میں پاکستان کے میچز پانچ مقامات پر کھیلے جائیں گے۔پاکستان کی ٹیم 6 اور 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیموں کا احمد آباد میں سامنا کرے گی جس کے بعد 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا، چنئی میں 23 اکتوبر کو افغانستان اور 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش سے 21 اکتوبر کو کولکتہ، پانچ نومبر کو بنگلورو میں نیوزی لینڈ جبکہ 12 نومبر کو کولکتہ میں انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی جو لیگ مرحلے کا آخری میچ بھی ہو گا۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں کھیلے جانے والے دیگر اہم میچز میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 29 اکتوبر کو دھرمشالا، آ سٹریلیا اور انگلینڈ 4 نومبر کو احمد آباد جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ یکم نومبر کو پونے میں آمنے سامنے ہوں گے۔ورلڈ کپ کے آغاز میں چار ماہ سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا ہے لیکن اس کے باوجود حتمی شیڈول کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا حالانکہ 2019 اور 2015 کے ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان ایک سال قبل ہی کردیا گیا تھا۔