گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے 7 لاکھ سمارٹ کارڈ تیار ،،متعلقہ برانچوں کو ترسیل شروع
لاہور( ایمرا نیوز) ایکسائز حکام نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس کی جگہ متعارف کرائے گئے سمارٹ کارڈ کے بحران پر قابو پانے کے لئے 7لاکھ سمارٹ کارڈ کی پرنٹنگ کا عمل مکمل کر لیا ، اور تمام متعلقہ ایکسائز موٹر برانچ کو ان کی ترسیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر20سے 25ہزار سمارٹ کارڈ پرنٹ کئے جائیں گئے تاکہ التوا کا شکار ہونے والے سمارٹ کارڈ کی پرنٹنگ کا عمل مکمل کیا جا سکے تاہم کمپیوٹرائز ڈ نمبر پلیٹ کا بحران تاحال جاری ہے اور اس پر قابو نہیں پایا جا سکا، ذرائع کے مطابق ایکسائز حکام نے چند ماہ قبل شہریوں کی سہولت کیلئے رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ متعارف کرایا جس کی قیمت530روپے مقرر کی گئی ، ایک ماہ سمارٹ کارڈ کی پرنٹنگ کا عمل جاری رہا جس کے بعد ایکسائز کی جانب سے ادائیگی نہ ہونے پر کمپنی نے سمارٹ کارڈ کی پرنٹنگ بند کر دی جس پر سمارٹ کارڈ التوا کا شکار ہو گئے ، شہریوں کو بر وقت رجسٹریشن سمارٹ کارڈ نہ مل سکے اور شہری ایکسائز دفاتر چکر لگانے پر مجبورہو گئے ، ایکسائز حکام نے بحران شدید ہونے پر کمپنی کو ادائیگی کی یقین دہانی کرائی اور ہنگامی بنیادوں پر سمارٹ کارڈ کی تیاری شروع کی گئی جس کے بعد7لاکھ سمارٹ کارڈ تیار کر کے متعلقہ ایکسائز دفاتر کو بھجوانے کا عمل شروع کر دیا گیا ، پہلے 10ہزار کارڈ روزانہ کی بنیاد پر تیار کئے جاتے تھے جبکہ ڈی جی ایکسائز آفس لگائی گئی مشین روزانہ کی بنیاد پر25ہزار کارڈ تیار کئے جا سکتے ہیں، ایکسائز حکام نے کمپیوٹرائز ڈ نمبر پلیٹوں کی تیاری اور ان کے اجرا کیلئے آج اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں حکمت عملی طے کی جائے گئی ، ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان اور ناکوں پر پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ ہونے پر عوام کو مشکل کا سامنا ہے ، ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز چوہدری مسعودالحق کاکہنا ہے التو اکا شکار ہونے والے سمارٹ کارڈ کی پرنٹنگ کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا اور7لاکھ کارڈ تیار کر لئے گئے ہیں ، جلد کمپیوٹرائز ڈ نمبر پلیٹوں کی تیاری شروع کر دی جائے گی۔