سات سالہ بچی اغواء اور زیادتی کے بعد قتل، ملزمان گرفتار، وزیراعلیٰ کے میڈیا سیل نے تصاویر جاری کردیں
گزشتہ روز سے لاپتہ سات سالہ بچی کی لاش پانی کے جوہڑ سے مل گئی ہے ، پولیس نے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی تصاویر بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے میڈیا سیل نے جاری کردیں۔
ڈی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کے حوالے سے جیونیوز نے بتایا کہ بچی کی لاش موہلنوال کے علاقے سے تالاب سے ملی تھی اور دونوں ملزمان قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔ پولیس کے مطابق “ع” گزشتہ روز سے لاپتہ تھی جس کا مقدمہ تھانہ سندر میں درج تھا۔اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سندرمیں اغواء کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کی تھی ۔ انہوں نےگرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا اور کہاکہ ملزمان قرارواقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے، بچی کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کے میڈیا سیل نے دونوں ملزمان رضوان اور اللہ دتہ کی تصاویر بھی جاری کردیں۔