جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس،عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد : جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس،عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس حملے سے متعلق درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔عمران خان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔وکیل سردار مصروف نے بتایا کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث اسلام آباد نہیں آ سکے۔ عدالت نے عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،انسداد دہشت گردی عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزم کو عدالت پیش ہونا پڑے گا۔چیئرمین تحریک اںصاف سمیت دیگر ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا،عدالت نے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی۔جبکہ جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں فرخ حبیب،شبلی فراز اور حسان نیازی کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔