قومی کرکٹرز میں حوصلہ نظر نہیں آرہا، رمیز راجہ
نیلسن(اے این این ) سابق اوپنر رمیز راجہ نے قومی کرکٹرز کے دماغوں پر برف کی ٹکور کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیویزکیخلاف ون ڈے میچز کے دوران مہمان کھلاڑیوں میں ٹمپرامنٹ نظر نہیں آیا۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد اس مشکل سیریزکی تیاری کیلئے کوئی ہوم ورک ہی نہیں کیا گیا،مختلف کنڈیشنز کا سامنا ہوا تو ہمارے وکٹیں لینے والے بولرزمار کھاتے رہے، جارحیت دکھانے سے تو کارکردگی سامنے نہیں آتی، بولرزوکٹیں لے سکے نہ رنزکا سیلاب روک پائے، بیٹسمین بانسرز پرگھبراہٹ کا شکار نظر آئے، نیوزی لینڈ آدھی جنگ تو ذہنی طور پرجیت جاتا ہے۔ کیویز نے اپنی قوت اور پلان کے مطابق بیٹنگ کرکے ہر حربہ ناکام بنایا۔ دوسری جانب میزبان پیسرز کنڈیشنز کا بہترین استعمال کررہے ہیں، بانسرز، لائن و لینتھ اور پیس میں تبدیلی کیساتھ پاکستان کی متزلزل بیٹنگ کو مزید پریشان کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔