رمیز راجا نے غیر ملکی ٹیموں کی واپسی کی اصل وجہ بتا دی
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ ہماری کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو غیر ملکی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر رمیز راجا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا.انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں، ہمیں اپنے کرکٹ گراؤنڈ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری پچز اور گراس روٹ کرکٹ کا بہت برا حال ہے، ہمارے پاس اسکول اور کالجوں کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ بھی اچھی نہیں،جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی، آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی۔
رمیز راجا کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ٹیموں کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، ایک یہ کہ اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، دوسرا اگر کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔ ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی۔