بلوچستان میں ٹیکس وصولی کا آن لائن نظام متعارف کرادیا گیا
ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جام کمال خان
کوئٹہ (ایمرا نیوز آن لائن) بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال خان نے امید ظاہر کیا ہے کہ گڈ گورننس اور ٹیکس وصولی کا نظام موثر بنا کر صوبے کے مالی ذخائر آئندہ کچھ برسوں میں 15 ارب روپے کی موجودہ سطح سے بڑھا کر 40 ارب روپے سالانہ تک پہنچ جائیں گے۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ٹیکس وصولی کے آن لائن نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس تقریب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سید سعید احمد ہاشمی، وزیراعلی کے مشیر برائے ایکسائز اور ٹیکسیشن ملک نعیم بزئی، صوبائی وزرا اور متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعلی جام کمال خان نے ٹیکس جمع کرنے کے لیے آن لائن نظام کو کامیابی کے ساتھ متعارف کروانے پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو مبارک باد دی۔ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹیکس وصولی کا جدید ترین نظام متعارف کرنے کا مقصد نہ صرف صوبے کو مالی طور پر مستحکم بنانا ہے بلکہ ہم آنے والی نسل کا مستقبل بھی محفوط کرنا چاہتے ہیں’۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو مالی بحران کا سامنا ہے چناچہ اصلاحات، اداروں کے ڈھانچوں میں تبدیلیاں اور سروس اسٹرکچر کے موجودہ قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں موجودہ پنشن بل 23 ارب روپے کا ہے جو آئندہ 5 برسوں میں 200 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔