نائن الیون کی 20ویں برسی:سلامتی کونسل کادہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئےاپنےعزم کااعادہ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےامریکہ میں نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
سلامتی کونسل نے ایک پریس بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین آج بھی اتنے ہی متحد ہیں جتناکہ 20 سال پہلے دہشت گردی کی تمام اشکال اورکسی بھی جگہ پراس کے ابھرنے کو بین الاقوامی قانون کے مطابق روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم تھے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو سمجھتے ہوئے کہ ان حملوں میں 90 سے زائد ممالک نے اپنے شہریوں کو کھویا ، سلامتی کونسل کے ارکان ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آج ، سلامتی کونسل کے اراکین اقوام متحدہ کے منشورمیں آنے والی نسلوں کو جنگ کی لعنت سے بچانے اور بین الاقوامی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے متحد رہنے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ دنیا کو زیادہ محفوظ اور مامون بنانے کے لئے ہمارے اہم ترین مقصد میں یہ عہد تمام ممالک کی رہنمائی کے لئے روشنی فراہم کرتا ہے۔