‘دی ہنڈرڈز’ برمنگھم فینکس کا شاہین آفریدی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ
رواں سال برطانیہ میں ہونے والی ’دی ہنڈرڈز‘ کیلئے برمنگھم فینکس ٹیم نے پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دی ہنڈرڈز کرکٹ ٹورنامنٹ گزشتہ برس ہونا تھا جس کیلئے پلیئرز ڈرافٹ 2019ءمیں ہوا تھا اور اس میں مختلف ٹیموں نے پاکستان کے محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو پک کیا تھا تاہم کورونا کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ گزشتہ سال میں نہیں ہوسکا تھا۔
اب رواں سال ہونے والے ایڈیشن کیلئے مختلف ٹیموں نے اکثر کھلاڑیوں کو ری ٹین کیا ہے اور ری ٹینشن کے آخری روز ٹیم برمنگھم نے پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کو سکواڈ میں برقرار رکھنے کا اعلان کیا جبکہ اس سے قبل لندن سپرٹ نے پاکستان کے محمد عامر کو سکواڈ میں ری ٹین کیا تھا۔
گزشتہ برس سدرن بریو کیلئے پک ہونے والے شاداب خان کو ری ٹین نہیں کیا گیا جبکہ اگلے مرحلے میں ٹیمیں دستیاب سلاٹس کیلئے ڈرافٹ سے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔