کسی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اتنا تماشہ نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ،شیری رحمن
اسلام آباد :وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے کبھی اتنا تماشہ نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کی پرچار کرنے والے عمران خان اور ان کی ڈنڈا بردار فورس کل سے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہے۔باعزت طریقے سے گرفتاری دینے سے سیاستدان کے قد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ہمیشہ اپنے کارکنان اور چاہنے والوں کا مان رکھا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر نے ہمیشہ ہنستے ہوئے قانون اور عدالت کا سامنہ کیا اور گرفتاریاں دیں۔ پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر عمران خان نے اپنا مذاق اڑایا ہے۔ کون سا سیاسی قائد اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکنان اور عورتوں کو ڈھال بناتا ہے؟ تحریک انصاف نے کل سے زمان پارک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے کارکنان اور پولیس والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے۔ ایک خودغرض لیڈر ہی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتا ہے ۔#/s#