امیر جماعت اسلامی سراج الحق 10تا12فروری، مہنگائی مارچ کی قیادت کریں گے
لاہور : امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی 10 تا 12فروری تک مہنگائی مارچ کرے گی ۔مارچ کی قیاد ت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے ۔لاہور منصورہ سے شروع ہونے والا مارچ مریدکے، گوجرانوالہ ، وزیر آباد ،گجرات سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا۔ جگہ جگہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا استقبال جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران ،صوبائی و ضلعی قیادت، ہزاروں کارکن اور عوام الناس کی بڑی تعداد کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفتر منصورہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نصر اللہ گورائیہ ،وقاص بٹ، ضیا الدین انصاری ،محمد فاروق چوہان، اکرام الحق سبحانی و دیگر بھی موجود تھے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کیلئے حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 10روپے فی یونٹ تک اضافہ ، جی ایس ٹی کی شرح18فیصد تک بڑھانے کی منظور ی قابل مذمت ہے ،اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جو سب کچھ بہا کر لے جائے گا ۔پی ٹی آئی اورپی ڈی ایم دونوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو قوم کے سامنے لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا بجلی پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو غیر قانونی قرار دینا اور 500یونٹس تک سبسڈی دینے کا حکم خوش آئند ہے ۔حکومت عدالتی حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔حکمران اپنی شاہانہ طرز زندگی اور اللوں تللوں کو ختم کرنے کی بجائے عوام پر مسلسل ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں ۔معاشرے کو اقتصادی موت سے بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے ،یہ ظالموں کا ٹولہ ہے جس کو عوامی مشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں ۔ہر دور حکومت میںچہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر انہی لوگوں نے قومی خزانے کو لوٹا اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائی ہیں۔صرف جماعت اسلامی ہی ملک و قوم کو ایماندار ، محب وطن اور بے داغ قیادت فراہم کر سکتی ہے ۔