سانحہ سیالکوٹ، مزید 7 ملزم گرفتار، تعداد 132 ہوگئی
سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزموں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے،، مزید سات ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا،، اب تک 26مرکزی ملزموں سمیت 132ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے الزام میں مزید 7افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں سکندر، راشد، احمد شہزاد، زوہیب، محمد ارشاد، سبحان اور عمیر علی شامل ہیں، ساتوں ملزمان کو سی سی ٹی وی اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سکندر پریانتھاکمارا پر تشدد کے لیے چھت پر لوگوں کو اکٹھا کرتا رہا، جبکہ ملزم راشد تشدد کرنے والے ہجوم میں شامل تھا، ملزم احمد شہزاد ہجوم میں ڈنڈے سے لیس تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم زوہیب تشدد کے لیے اکسانے کی پلاننگ میں ملوث تھا جبکہ محمد ارشاد،سبحان اور عمیر علی بھی ہجوم میں شامل تھے۔ اب تک کی تحقیقات کےمطابق گرفتارملزمان میں 26کا مرکزی کردار سامنے آیا۔