نیوزی لینڈ سب سے پہلے نئے سال کو خوش آمدید کہے گا
نیوزی لینڈ(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) دنیا بھر میں نئے سال کے جشن کا آغاز نیوزی لینڈ سے ہوگا جہاں پاکستانی وقت کے مطابق تقریباًشام 4 بجے جشن کی شروعات ہوگی اور اس کے بعد وقفے وقفے سے تمام ملک نئے سال کی خوشیاں مناتے جائیں گے۔نیوزی لینڈ میں 12 بجتے ہی آکلینڈ ہاربر برج پر آتش بازی کی جائے گی، روس کے کچھ حصوں میں پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے نئے سال کا آغاز ہو گا، آسٹریلوی شہری یہاں کے 6 بجے سڈنی میں نئے سال کا جشن منائیں گے۔جاپان میں لوگ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے سال 2019 میں داخل ہوجائیں گے، وہ نئے سال کی آمدپر عبادت گاہوں کا رخ کریں گے ، اس کے بعد چین، سنگاپور، منیلا کے شہری پاکستانی 9بجے رات کو سال نو کا استقبال کریں گے۔شمالی اور جنوبی کوریا میں لیزر شو اور فائر ورکس جبکہ ہانگ کانگ، بیجنگ، تائپے میں بھی آتش بازی کی جائے گی، بنگلہ دیش میں پاکستانی 11بجے جبکہ بھارت ساڑھے گیارہ بجے 2019 کی آمد کا جشن منائے گا۔پاکستان کے بعد دبئی، ماسکو، ایتھنز ، برلن ، پیرس، لندن، نیویارک اور میکسیکو سٹی میں بھی شاندار آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھے گا۔برطانیہ میں پاکستانی وقت کے مطابق یکم جنوری 2019 کی صبح 5 بجے نئے سال میں داخل ہوگا،جبکہ نیو یارک، واشنگٹن ڈی سی پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے نئے سال کا جشن منائیں گے ۔