نیوزی لینڈ میں سال 2019 کا آغاز ہوگیا، شاندار آتشبازی کا مظاہرہ
نیوزی لینڈ(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) نیوزی لینڈ میں گھڑی پر رات کے 12 بجتے ہی سال 2019 کا شاندار استقبال کیا جارہا ہے اور اس موقع پر آتشبازی کا نظارہ دیکھنے ہزاروں افراد موجود ہیں۔ سال نو کے جشن کا آغاز سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے معروف سٹی ٹاور کے مقام پر جشن سے ہوا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔گھڑی پر 12 بجتے ہی سٹی ٹاور پر آتشبازی ہوئی اور پورا علاقہ رنگ و نور میں نہا گیا، اسی طرح آکلینڈ ہاربر برج پر بھی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی، شمالی و جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، بیجنگ اور تائی پے میں بھی آتش بازی ہوگی۔جاپان میں سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے مختلف مندروں میں اپنی روایات کے مطابق رسومات ادا کی جارہی ہیں جب کہ امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ڈھائی ہزار سے زائد ایل ای ڈی لائٹوں سے بنی کرسٹل بال کی رونمائی کی تقریب میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔دبئی میں سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آتش بازی کا مواد نصب کردیا گیا، برج خلیفہ کے علاوہ برج عرب، پام جمیرا کے آٹلانٹس ہوٹل، فیسٹیول سٹی، گلوبل ویلیج، دبئی مرینہ اور دبئی کریک پر بھی آتش بازی کی جائے گی۔کراچی میں سال نو کے جشن کے لیے سی ویو پر جانے اور سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور منچلوں کو سی ویو کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔