واہگہ ٹاؤن میں رجسٹری محررکی معطلی کے بعد رجسٹریشن برانچ لاوارث.
لاہور(ویب ڈیسک) واہگہ ٹاؤن میں انڈر ویلیو رجسٹریوں کی پاسنگ میں ملوث رجسٹری محرر کی معطلی کے بعد رجسٹریشن برانچ لاوارث ہو گئی،7روز گزر جانے کے بعد بھی رجسٹریشن برانچ میں آر ایم ون کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب شہریوں کی کثیر تعداد خوار ہونے پر مجبور ہو گئی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ۔ روزنامہ پاکستان کے سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ تحصیل کینٹ میں واقع بورڈ آف ریونیو شعبہ رجسٹریشن برانچ واہگہ ٹاؤن میں رجسٹری محرر راجہ ندیم کوانڈر ویلیو رجسٹریوں کی پاسنگ میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت معطل کر دیا گیا جس کی باقاعدہ انکوائری بھی کی جا رہی ہے تاہم رجسٹریشن برانچ واہگہ ٹاؤن میں رجسٹری محرر کی عدم دستیابی کے باعث پانچ سو سے زائد رجسٹری دستاویزات التوا کا شکار ہیں جس کے باعث روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن برانچوں میں آنیوالے سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہریوں محمد رمضان، تنویر احمد، قاسم خان، نوید شہزاد، ولایت علی اور شہباز احمد نے آگاہی دی کہ صبح سے لیکر شام تک کھڑے رہتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں کوئی رجسٹری محرر کام نہیں کر رہا ، اشٹام فروش، آغا خرم، وسیم خان، فیصل محمود اور سجاد گھمن کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کی رجسٹریاں اعتراضات میں پہلے ڈالی گئی تھیں اب کلیئر ہوئی ہیں مگر اب کوئی پاسنگ نہیں کی جا رہی عوام ہم سے لڑ رہے ہیں۔دوسری جانب سب رجسٹرار واہگہ ٹاؤن شہزاد آصف نے موقف دیا ہے کہ رجسٹری محرر کی تعیناتی کردی ہے آئندہ 2روز میں تمام پینڈنگ دستاویزات کلیئر کر دیے جائیں گے۔