تمام ہائیکورٹ ملازمین میرے لئے برابر ہیں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ
لاہور(عمر خالد)چیف جسٹس لاہورہائی ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے ملازمین کی جانب سے دیئے گئے لنچ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ آپ کی ماں ہے۔ اس کی دل وجان سے خدمت کریں ۔ ادارے پیار سے چلتے ہیں۔ ہائی کورٹ میں ملازمین کی تعداد لگ بھگ 2600 قریب ہیں۔ میرے لئے سب برابر ہے ۔ مجھے سب سے پیار ہے۔ میرے لئے وہ زیادہ پیارے ہیں جو ادارے سے پیار کرتے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ ادارے اصولوں پر چلتے ہیں، ہائی کورٹ میں سب بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں ۔ اس بات پر لوگ آج تک مجھ سے ناراض ہیں لیکن مجھے اسکی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ آپ سب خوش قسمت ہیں کہ آپ اس ادارے میں ہیں جو لوگو ں کے لئے آسانیاں پیدا کرتاہے۔ یہ کہانی روپے پیسے کی نہیں۔ بلکہ عوام کی خدمت کی ہے ۔میں آپ سے توقع کرتا ہوں کہ آپ عام آدمی سے اخلاق سے ملیں گے۔ آپ چہرے پر مسکراہٹ سے اسکا استقبال کریں تاکہ عام آدمی آپ کی تعریف کرے۔ اسی خدمت کے طرز پر آپ کو بہترین لباس میں ملبوس ہونا چاہئے۔ آپ کی تنخواہیں بہترین ہیں ۔فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کے مطابق ملازمین کو کوٹہ کو بڑ ھائیں گے۔ ہمارے ساتھ ڈس ایبل ملازمین ہیں ہمیں ان کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ فاضل چیف جسٹس نے خواتین ملازمین کے لئے ڈے کئیر سنٹر کا اعلان بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں جینڈر حساسیت بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا ہائی کورٹ کو کرپشن فری بنائیں اور خیانت کرنے والے پر اللہ کی لعنت ہو۔ انہوں نے کیا کہ ملازمین بشمول خواتین کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے غیر ملکی ٹریننگ کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی صحت پر توجہ دیں۔ صاف ستھرا کھانا کھائیں۔ اس کے لئے کیفے ٹیریا بنایاگیا ہے۔ میں نے بطور چیف جسٹس کھانے کے اوقات مقرر کیا۔ ہم سب فیملی کی طرح ہیں۔ کیفے ٹیریا میں آئیں اور کھانا کھائیں۔ کیفے ٹیریا میں آپ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائوںگا۔ جنوری کے پہلے ہفتے میں کیفے ٹیریا کا افتتاح کیا جائے گا۔ ڈرائیورز کی سہولت کے لئے ان کو موٹر سائیکل دی نائب قاصد کو بھی موٹرسائیکل دینے کا پلان ہے۔ ملازمین کیلئے ہائوسنگ کالونی بنانے کی کو شش کی جارہی ہے۔ ہم پولیس کی مدد سے اپنے ادارے کی سکیورٹی کیلئے مارشلز تیار کریںگے۔ یہ لنچ ملازمین نے چیف جسٹس لاہورہائی ہائیکورٹ کی طرف سے ملازمین کی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظررکھتے ہوئے ترتیب دیا۔ اس سے پہلے جسٹس یاور علی نے کہا جو کام کرنے کی رفتار ، کام کی لگن اور بڑوں کی قدر میں نے ہائی کورٹ کے ملازمین میں دیکھی وہ کسی ادارے میں نہیں دیکھی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو انکی جانب سے ملازمین کی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ لنچ کی تقریب میں جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس امیر بھٹی، جسٹس عبد السمیع خان، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شا ہدکریم، جسٹس علی اکبر قریشی، جسٹس شاہد بلال حسن،جسٹس جواد حسن اور جسٹس سردار اہمد نعیم موجود تھے۔ رجسٹرارلاہورہائی کورٹ سید خورشید انور رضوی اور ڈی ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری محمد اکمل خان بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے آخر میں ہائی کورٹ ملازمین کی جانب سے فاضل چیف جسٹس کو تلوار پیش کی گئی۔